سال گزشتہ کا احوال
ترجمہ: شہاب صفدر
آپ نے دبلے پتلے کتوں کو سڑک پار کرتے دیکھا ہے
آنے والے ٹرکوں سے بالکل بے خبر ہو کر
یا ان میں تیزی سے سڑک پار کرنے کی سکت ہی نہیں
وہ بڑے سکون سے نظر اٹھا کر ڈرائیوروں کو دیکھتے ہیں
اور کہتے ہیں (زبان حال سے)
’’یہی واحد طریقہ ہے ہمارے گزرنے کا‘‘
اس سال میں نے سینکڑوں اس قسم کے آدمی دیکھے
جنہیں شاید کھانے کے لیے کچھ نہیں ملتا
بڑی باقاعدگی سے دفتر آتے جاتے ہیں
لیکن گاڑیوں کی زد میں نہیں آتے
اور ان کے پسماندگان نہ انہیں ہسپتالوں میں تلاش کرتے ہیں
اس سال میں نے نوجوانوں کا ایک نیا گروہ دیکھا
جو نہایت بن ٹھن کر موٹر گاڑیوں سے لفٹ مانگتے ہیں
اور ان کی تعداد میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی
اس سال گاڑیاں بھی زیادہ تھیں
اس سال میں نے دیکھا
ہسپتال کنارے اور سکول کے پاس
ایک بوڑھے اور ایک بچے کو محو انتظار
(کئی گھنٹوں تک)
تاکہ سڑک پار کر لیں
اس سال میں نے یہ بھی دیکھا
کئی گاڑیاں کتوں کو روندتی ہوئی چلی گئیں
اور وہ سڑک کے درمیان کچلے رہ گئے
آج کل کے نوجوانوں میں بھی
بچاؤ کی نہ سکت ہے اور نہ قوت برداشت
اگر آپ محسوس نہ کریں تو کچھ اور باتیں بھی ہیں
اس سال ڈرائیوروں نے بھی ٹریفک قوانین کو بالائے طاق رکھ دیا
اور غلط طریقے سے گاڑیاں آگے لے گئے
ایسے لڑکے بھی ہیں جو بغیر کچھ کیے دانت پیستے رہ گئے
کیونکہ مندرجہ بالا واقعات میں وہ ملوث نہیں رہے۔
(ہندی)