بیگذین بودوخولاف

بیگذین بودوخولاف

منگول گیت

    ترجمہ: شہزاد احمد

     

    اگر کسی دوشیزہ کے پاؤں

    کسی ایسے درخت کو چھو لیں، جس میں گرہیں پڑ چکی ہوں

    تو اس کی تمام شاخیں

    یقیناً پھر سے ہری بھری ہو جائیں گی

     

    اس نادر خیال نے

    جو ایک قدیم منگول گیت سے ابھرا

    آج کی اس زندگی میں

    میرے کانوں میں ایک سرگوشی کی

    جس نے مری شاعری میں

    پہلے سے بھڑکتی ہوئی آگ کو شعلۂ جوالہ بنا دیا

    اور دل کو اتنی توانائی دی

    کہ میں ایک عورت سے محبت کر سکوں

    یہ نادر خیال

    جو ایک قدیم منگول گیت سے ابھرا

    میرے دل تک پہنچا

    اس نے پھر سرگوشی کی

    جو مرے دل کی گہرائیوں میں اتر گئی

    جمنا ندی کے کنارے

    جوبھارت کی طرح قدیم اور خوبصورت ہے

    اور ان اجڑے ہوئے کھنڈرات کے قریب

    جہاں کئی بھولے بسرے شاہوں نے حکومت کی

    اور عظیم الشان تاج محل کے

    بڑے دروازے کے آس پاس

    جہاں نو بیاہتا دلہا اور دلہنیں

    نہ ٹوٹنے والی قسمیں کھاتے ہیں

    یہ نادر خیال

    جو ایک قدیم منگول گیت سے ابھرا

    ایک بار پھر سرگوشی میں کچھ کہہ گیا

     

    جبکہ میں دل لٹا دینے والے

    ایسے جیالے مرد کے جذباتی انداز میں

    (جس کی پیدائش پر چاند کی اثر اندازی ہو)

    ایک ایسی اسکالر لڑکی کو رقص کرتے دیکھ رہا تھا

    جس کے پاؤں برہنہ تھے

    اور وہ ادیس ابابا کی

    ایک کشادہ رقص گاہ میں محو رقص تھی

    وہ دور افتادہ افریقہ کے

    جواہر میں سب سے قیمتی تھی

     

    منگول گیتوں کے بول ہی

    اس سنہری دنیا کی بھرپور ہواؤں میں سانس لیتے ہیں

    جو اس لیونارڈو ڈاونچی کی دنیا ہے

    جس نے حسن کی پوجا

    زندگی کی دیوی سمجھ کر کی

    اور اس آگ کو بھڑکاتا رہا

    جو مرد کے دل میں عورت کی محبت ہے

    یہی لافانی لاگیوکونڈا کی وہ دنیا ہے

    جو اس کی عظیم تصویروں میں موجزن ہے

    جب ایک خوبصورت دوشیزہ کے پاؤں

    کسی ایسے درخت کو چھو لیں، جس میں گرہیں پڑ چکی ہوں

    تو اس کی تمام شاخیں

    یقیناً ہری بھری ہو جائیں گی

    ایسی ہی طاقت منگول گیتوں کے بول میں ہے

    جو انوکھی اور سجیلی دوشیزاؤں کے گن گاتے ہیں

    اور دل و دماغ کی گرد دھو دیتے ہیں

    اور زندگی سے محبت کرنے پر مجبور کرتے ہیں

    اور یوں تمھیں کسی دوشیزہ کے ساتھ

    زندگی بھر کے رشتے میں باندھ دیتے ہیں

    ایک ایسی دنیا میں

    جہاں چاند ہمیشہ چمکتا ہے

    اور یہ فضا

    ہمیشہ ہمیشہ کے لیے تمھیں کسی دوشیزہ کا گرویدہ بنا دیتی ہے

     

    اگرچہ قدرت ساری کی ساری دلفریب ہے

    مگر اس میں کوئی شے ایسی نہیں

    جو انسان کے سحر کا مقابلہ کر سکے

    اگرچہ تمام لوگ

    ہر سطح پر دل لبھانے والے ہیں

    مگر دوشیزہ کے حسن کے سامنے

    وہ سب ہیچ ہیں

    چونکہ عورت انسان کی ماں ہے

    لہٰذا ساری انسانیت نے اپنا جادو

    اسی سے حاصل کیا ہے

    اس لیے اس کے بطن میں

    بے مثال خوبصورتی   موجود ہے

    اور یہی سب سے بڑی وجہ ہے

    کہ وہ شاخیں جن کے درختوں میں گرہیں پڑ چکی ہوں

    خوبصورت دوشیزہ کے

    پاؤں کے لمس سے

    ہری بھری ہو جاتی ہیں

    اور خیالات کا یہ سلسلہ ہے جس کے باعث

    منگول گیتوں میں وہ توانائی ہے، جس سے

    دل اور روحیں صاف شفاف ہو جاتی ہیں

    منگول گیتوں کے بول بھی

    سنہرے   شاہکاروں کی اس فضا میں سانس لیتے ہیں

    جس میں وہ لیونارڈوڈاونچی

    جس نے حسن کی پوجا

    زندگی کی دیوی سمجھ کر کی

    اپنی اس آگ کو دہکاتا ہے

    جو انسان کے دل میں عورت کی محبت ہے

    لافانی لاگیو کونڈا کی عظیم مصوری کی طرح