ایک یتیم افریقی بچی کا خط
یو این او کے سیکرٹری جنرل کے نام
ترجمہ: جعفر شیرازی
آج پھر میں شام کو
اپنے ہی تباہ حال گھر کے
ٹی وی لاؤنج میں
خوشیوں، اداسیوں کے ساتھ ہم کلام تھی
کہ باتھ روم کی طرف سے
میرے چھوٹے بھائی نے
جو آٹھ سال عمر کا ہے
جس کے پیٹ پر بموں کے زخم بھی ہیں
ٹی وی آن کر دیا، تو پھر، جناب آپ کا
فریب سے بھرا ہوا بیان نشر ہو رہا تھا
’’...... افریقی قوم عظیم تر ہے‘‘
ہاں جناب! ہم عظیم تر ضرور ہو گئے ہیں
(بھوک اور پیاس سے بھرے ہوئے
ہاں جناب! ہم عظیم تر ضرور ہو گئے ہیں
دیکھیے تو ...... سارا ملک راکھ بن چکا ہے اور ......
بستیاں اجاڑ ہیں
ہاں جناب! آپ نے بجا کہا ہے
ہم عظیم تر ضرور ہو گئے ہیں
دیکھیے جناب! میں عظیم تر خطاب پر بھی مطمئن نہیں ہوں
......پر مجھے معاف کیجیے گا۔ میں اگر
اس سیاہ سماج کے لیے نہیں
(بے گناہ سماج کے لیے نہیں)
آپ سے حضور! آپ کی عظیم ذات سے حضور!
اپنے چھوٹے بھائی کی سیاہ و سخت پشت پر
بموں کے زخم کے علاج کے لیے
اور اپنی پنڈلیوں کے ماس میں دھنسی ہوئی
عذاب ناک گولیوں کے
درد سے نجات کے لیے
دوائی مانگ لوں