بیرا گوڈی اوپ

بیرا گوڈی اوپ

یہ ہمارے اجداد کی سانسوں کی آواز ہے

    ترجمہ: کشور ناہید

     

    انسانوں سے زیادہ اشیا کی باتیں سنو

    سنو۔ آگ کی آواز

    سنو۔ پانی کی آواز

    سنو۔ ہواؤں میں درختوں کی سسکیوں کی آواز

    یہ ہمارے اجداد کی سانسوں کی آواز ہے

    مرنے والے ہمیشہ کے لیے نہیں جاتے ہیں

    وہ زرد سایوں میں موجود ہیں

    وہ گہرے   ہوتے ہوئے سایوں میں موجود ہیں

    وہ جو مر گئے ہیں۔ وہ زمین کے نیچے ہیں

    وہ ہلتے ہوئے درختوں

    گھنے جنگلوں

    بہتے پانی

    کھڑے پانی

    اور پرہجوم بستیوں میں موجود ہیں

    مرنے والے مرا نہیں کرتے ہیں

    انسانوں سے زیادہ اشیا کی باتیں سنو

    سنو۔ آگ کی آواز

    سنو۔ پانی کی آواز

    سنو۔ ہواؤں میں درختوں کی سسکیوں کی آواز

    یہ ہمارے اجداد کی سانسوں کی آواز ہے

    وہ مر نہیں گئے

    وہ زمین کے نیچے نہیں ہیں

    وہ مردہ نہیں ہیں

    مرنے والے ہمیشہ کے لیے نہیں جاتے

    وہ عورت کی چھاتیوں

    بچے کی چیخوں اور چمکتی چنگاریوں میں موجود ہوتے ہیں

    وہ جو مر گئے ہیں۔ زمین کے نیچے نہیں ہیں

    وہ بھڑکتی ہوئی آگ

    روتے ہوئے پودوں

    کراہتی چٹانوں

    جنگلوں سے بھری ہوئی جگہوں اور گھروں میں موجود ہیں

    مرنے والے مرا نہیں کرتے

    انسانوں سے زیادہ اشیا کی باتیں سنو

    سنو۔ آگ کی آواز

    سنو۔ پانی کی آواز

    سنو۔ ہواؤں میں درختوں کی سسکیوں کی آواز

    یہ ہمارے اجداد کی سانسوں کی آواز ہے