لویان

لویان

سفید بادلوں پر ایک حرف

    ترجمہ: ارشد چہال

     

    ہم صرف چنددنوں تک ایک دوسرے کے ساتھ رہے

    پھر بھی مجھے اس ساتھ کا لمس کئی سالوں پر محیط معلوم ہوتا ہے

    سفید بادل آج بھی بالکل ویسے ہی ہیں

    نیلا صاف آسمان آج بھی ویسا ہی ہے

    لیکن مناظر اور زبان مختلف ہے

    ہر چند کہ مختلف ہے زبان ...... اور مناظر

    پھر بھی سفید بادل ویسے ہی ہیں

    اور نیلا صاف آسمان بھی ویسا ہی ہے

    شہد بہت شیریں ہے اور دودھ بھی تازہ ہے

    زمین بہت سرسبز وشاداب ہے

    ایک ایسی پلیٹ کی طرح جس میں سبز کیک رکھے ہوں

    بالکل تیار اور نرم و ملائم ، کچھ گول اور کچھ چوکور

    ایک شفاف شاہراہ کے درمیان سبز قطعے جیسے

    میرا میزبان بہت مہمان نواز ہے

    اس نے اپنے گھر میں مجھے بہتر مستقبل کے لیے دعوت دی ہے

    میں ایک کھڑکی کے پاس بیٹھا ہوں

    اور کھڑکی کے باہر

    سفید بادل چائنہ کے افق سے آئے ہوئے لگتے ہیں

    تمہارا دلآویز چہرہ ان بادلوں پر نقش ہے

    میں نے یکایک واپسی کا فیصلہ کر لیا ہے

    میں جلد از جلد تمہارے پاس پہنچ جانا چاہتا ہوں

    میں نے اپنے میزبان سے معذرت کر لی ہے

    ہم ابھی تھوڑی دیر پہلے گھر سے   رخصت ہوئے ہیں

    میں تمہیں تنہا گھریلو کاموں کے لیے نہیں چھوڑ سکتا

    صرف کمروں کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے

    کھڑکیوں کے شیشے تبدیل کرنے اور پردے لٹکانے کے لیے

    اس جواز کو اجاگر کرنے کے لیے میں کوئی حوالہ نہیں دینا چاہتا

    دیار غیر مجھے حب الوطنی کے لیے ایک کلچر میڈیم محسوس ہوا ہے

    جو محبت کی اصلیت کو نمایاں کرتا ہے

    اس عظیم دریافت کے متعلق میں تمہیں تفصیل سے بتاؤں گا