پرندے کی رہائی
ترجمہ: پرتو روہیلہ
اے کاغذ کی چڑیا آ میں تجھے سوچنا سکھاؤں
زندگی کسی صورت بھی مقید نہیں رہنی چاہیے
اے کاغذ کی چڑیا آ میں تجھے اڑنا سکھاؤں
ہوا میں ایک زقند لگا آسمان کی طرف
اے کاغذ کی چڑیا میں تجھے آزاد کردوں گا
تو اڑ جا اور دور نیلے پہاڑوں میں اپنا آشیانہ بنا لے
میں نے افسردہ دنوں میں تیرے پر سمیٹ دیے
اس امید میں کہ تو کسی دن یونہی
اصلی چڑیا کی طرح اڑ جائے گی
جنگل کی آغوش کے آرام سے اکتا کر
ابدی خوابوں کے چند قطرے پی کر
اور شفاف چاندنی پر زندگی بسر کرتے ہوئے
چڑیا میں تجھے فضا میں چھوڑ دوں گا
کہ تو آزادی کا مزہ چکھ سکے
اے میری محبوبہ، میری جان محبت
یہی وقت ہے کہ تجھے احساس ہو
کہ تو آسمان کا پرندہ ہے
کہ تو ایک توانا خواب ہے
کہ تو حقیقت کا وجدان ہے
میں فضول تجھے ہوا میں اچھال رہا ہوں
تو زمین پر بس گر جاتی ہے
گویا میں تجھے بیکار شے کی طرح
پھینکے دے رہا ہوں