اجیت دت

اجیت دت

اگر

    ترجمہ: شمیم حنفی

     

    کیا تمہیں کشتی کے کچھ داؤ آتے ہیں؟

    اور اعتماد کے ساتھ انہیں برت سکتے ہو؟

    اگر نہیں

    تو رہ جاؤ گے

    ٹرام پر چڑھے بنا......

    سڑک پر الجھے الجھے سے بے سہارا

     

    تم نے دوڑ لگانے کی مشق کی ہے؟

    اچھلنا، کودنا، چھلانگیں مارنا؟

    اگر نہیں

    تو رہ جاؤ گے

    لاری کے نیچے ......

    جلدی میں تم گھر سے باہر مت جانا

     

    کیا تمہارے دانت کافی مضبوط ہیں؟

    تمہیں پتھر چبانے کی عادت ہے؟

    اگر نہیں

    تو رہ جاؤ گے

    چاول کھائے بنا ......

    چاول میں پتھر کے ریزے ٹھیک برابر ہوتے ہیں

    کیا تم بارہ گھنٹے انتظار کر سکتے ہو؟

    اپنے پیروں اور دماغ کو تھکائے بنا؟

    اگر نہیں

    تو رہ جاؤ گے

    دھوتی خریدنے سے

    دکان پر درد بھری منتیں کرنے کے بعد بھی

    (بنگالی)