دستخط
ترجمہ: احمد سلیم
دستخط... سمجھوتے کے، بیاہ کے، مکان بیچنے کے، گواہی کے
دستخط... بنک کے، وارنٹ کے، ایڈیٹر کے، منی آرڈر کے
دستخط ... رسیدی ٹکٹ کے، چیک کے، قرقی کے، اور ...اور...اور...
کچھ دستخط کیلوں جیسے ہوتے ہیں، کچھ پھولوں جیسے
کچھ تلوار کی دھار جیسے، کچھ بجلی کی لکیر جیسے
کچھ دستخط پھولے ہوئے اور موٹے لفظوں جیسے، کچھ پھیکے اور چھوٹے حرفوں جیسے
کچھ وحشی سے، کچھ ڈرے ڈرے بزدل سے
کچھ سیدھے اور سادہ ، کچھ ٹیڑھے میڑھے سے
کچھ آسان، کچھ گھمسان ، کچھ نرم، کچھ گرم
کچھ الجھے ہوئے، چکر سے کھاتے ہوئے ...
کچھ رعب داب والے، کچھ سجیلے اور بھڑکیلے سے
کیسے کیسے ہوتے ہیں ... لوگوں کے دستخط
کچھ کا پڑھا جانا بھی مشکل، کچھ کا سمجھ میں آنا بھی مشکل، اور ان کے ساتھ چل سکنا بھی مشکل
لیکن دوست! میری ماں کچھ بھی لکھنا نہیں جانتی
لیکن جب انگوٹھا لگاتی ہے
تو ماں کے انگوٹھے میں بنا سنکھ، کاغذ پر بہت خوبصورت دکھائی دیتا ہے ...