مصر کے گدھے
مصر کے گدھے
اردو کے ایک روزنامے میں خبر چھی تھی کہ مصر میں گدھوں کی عمریں کم ہو رہی ہیں اور اس صورتِ حال پر غور کرنے کے لیے ایک کمیشن مقرر کیا گیا ہے۔ (مرتب)
سید محمد جعفری
اشاعت آج کے اخبار کی بتاتی ہے
فراعنہ کی زمیں کی یہ بے ثباتی ہے
گدھوں کی عمر میں کوتاہیاں جو پاتی ہیں
تو اِن گدھوں پہ کمیشن بٹھائی جاتی ہے
کرے گی غور کمیشن گدھوں کی حال پر
ہمیں تو رشک ہے مصری گدھوں کی قسمت پر
طلسم خانۂ مشرق ہے کتنا پراسرار
عجیب رنگ میں جگا ہے جذبۂ ایثار
گدھوں کی خیر سگالی پہ اس قدر اصرار
اور آدمی ہیں زبوں حال و خستہ و بے کار
نہ مصریوں کے نہ ہیں غیر مصریوں کے لیے
سہولتیں جو مہیا ہیں ان گدھوں کے لیے
سن اے حمارِ کراچی سن اے خرِ لاہور
تو قاہرہ ہی چلا جا جہاں نہ قہر نہ جور
خرانِ مصر نہیں غیر، ہیں وہ تیرے ہی طور
تو اپنے حال پہ کر، اور اُن کے حال پہ غور
وہ سب تجھے سرِ اہرام پہ بٹھائیں گے
مجسمہ ترا صحرا میں وہ بنائیں گے
گیا حجاز تو بیٹھے گا بیوک (١) کار میں تو
شمار ہوا ہے یارانِ بردبار میں تو
بھٹک گیا نہ اگر راہ کے غبار میں تو
چلایا جائے گا اونٹوں کی بھی قطار میں تو
تو وجہِ فخر ہے خرہائے با صفا کے لیے
تمام مشرقِ وسطیٰ اور ایشیا کے لیے
اگر عراق گیا تو تو مار کھائے گا
بنایا جائے گا صدر اور مارا جائے گا
اور انقلاب کا ڈر رات دن ستائے گا
اُتر کے تخت سے تختے پہ خود کو پائے گا
کوئی کہے نہ کہے یہ کہ تو عراقی ہے
ہر اِک سمجھنے لگے گا کہ تو مراقی ہے
قدم جو سوئے چچا سام تو بڑھائے گا
وہ ایڈ(٢) دے کے تجھے خود ہی لوٹ کھائے گا
وہ تجھ پہ لاد کے سامانِ جنگ لائے گا
وہ خود تجھے کسی ہمسائے سے لڑائے گا
اسی طرح سے وہ مصروف نیک کام میں ہے
وہ مردِ معتبر اس وقت ویٹ نام میں ہے
کبھی کبھی تجھے گندم کے دے کے کچھ دانے
بنائے گا وہ ترا حال کیا خدا جانے
وہ ویت نام میں پہلے ہی ہو چکے کانے
وہ چین پہنچا خوشامد میں، دیکھا دنیا نے
گیا تھا چاند پہ بھی پر نہ کچھ بھی ہاتھ آیا
وہ خالی ہاتھ گیا پتھروں کے ساتھ آیا
بِدک کے روس کی جانب اگر تو جائے گا
تو ساتھ دین کے دُنیا کو بھی گنوائے گا
نہ جونا گڑھ ہی نہ کشمیر ہاتھ آئے گا
پلٹ کے دم کو جو دیکھے گا سرخ پائے گا
گدھا ہے تُو تجھے سرخا بنا کے چھوڑے گا
یہ ماسٹر تجھے مرغا بنا کے چھوڑے گا
غرض کہ ساحلِ راوی ہو یا ہو ساحلِ نیل
الٰہی عمر ہو مشرق کے سب گدھوں کی طویل
طویل عمر ہو گو عقل ہے گدھوں میں قلیل
یہ تیری عقل ہے جس نے کیا ہے تجھ کو ذلیل
گدھا ہے تُو تری خاصیتیں حماری ہیں
جنہیں تُو دوست سمجھتا ہے وہ شکاری ہیں
حواشی
(١) Buick
(٢) Aid