کانچ کی آنکھ
ترجمہ: احمد سلیم
میرے ابا کی ایک آنکھ کانچ کی تھی
اتوار کے دن،
جب وہ گھر میں ہوتے
تو جیب سے کئی نقلی آنکھیں نکالتے
اور آستین سے رگڑ رگڑ کر،
انھیں صاف کرتے
پھر وہ میری ماں کو بلاتے
اور ان میں سے ایک آنکھ چننے کے لیے کہتے
یہ سن کر، میری ماں ہنسنے لگتی
صبح کے وقت میرے ابا بہت موج میں ہوتے
وہ کانچ کی آنکھ کو اپنے ہاتھ میں اچھالتے
پھر اسے اپنی آنکھ میں ٹکا لیتے
اور کہتے کہ وہ بہت بڑھیا آنکھ ہے
میں ایک کالے رنگ کی شال اوڑھ لیتی
جیسے مجھے سردی لگ رہی ہو
لیکن وہ میں اس لیے اوڑھتی تھی
کہ اس میں چھپ کر ابا کو دیکھ سکوں
آخر ایک دن،
میں نے انہیں روتے دیکھا
اور دیکھا
کہ ان کی دونوں آنکھوں میں کوئی فرق نہیں تھا
کانچ کی آنکھ بھی اصلی آنکھ کی طرح رو رہی تھی
اس دن سے،
میں ان لوگوں پر بھی شک کرنے لگی ہوں
جن کی دونوں آنکھیں اصلی ہیں