بتیر یواتان

بتیر یواتان

تلوار اور پھول

    ترجمہ: کشور ناہید

     

    جب میرا بچہ پیدا ہو گا

    تو بہت جلد

    سرسبز میدانوں اور لمبے تنے کے درختوں کو جان لے گا

    وہ اپنے ہاتھ شبنم سے بھیگی ہو ئی

    گھاس کی پتی کی جانب بڑھائے گا

    وہ شیشے کے ذریعے دروازے کے اندر

    جھانکتی ہوئی روشنی کی شعاعوں کو

    پکڑنے کی کوشش کرے گا

    اپنے تلووں کے نیچے مٹی کی گرمی

    محسوس کرکے وہ بستر سے زیادہ سکون

    اور گرمی پائے گا

    وہ اس ملک کی مٹی سے پیار کرے گا

    سورج، کرگس اور ان کے گیتوں سے پیار کرے گا

    وہ سیاروں کے بلاوے کو محسوس کرے گا

    اور اسے پر ملیں گے جن کی قوت سے وہ بادام سے بڑے

    سیاروں کی جانب بھی مائل پرواز ہو گا جو بہت قدیم ہوں گے

    مگر قریوں کے وجود کے بعد کے دور سے متعلق ہوں گے

    وہ ان افقوں اور ان منتہاؤں کی جانب

    مائل پرواز ہو گا جہاں خیالات تلوار کی طرح تھے

    مگر اب وہی خیالات پھولوں کی طرح لہک رہے ہیں