اس لمحے
ترجمہ : کشور ناہید
یہ وہ لمحہ ہے جبکہ وحشی درندوں کا پیار
اپنے سے چھوٹوں کے لیے ظہور پذیر ہوتا ہے
عورتوں کو بچوں کی پیدائش کے مرحلے میں
مر ہی جانا چاہیے
تبھی دنیا میں، ہر چیز خوبصورت ہو گی
عورتوں کے کولہے، جب درد زہ کے عالم میں پھیلیں گے
تو اسی کے درمیان سے دنیا کا امن ابھرے گا
بھاری چھاتیوں کے درمیان، سانپ پھسل پھسل کر
ان پر پھینکی ہوئی گرد اور مٹی کو نرمی سے صاف کریں گے
پھل اس زمین کی گہرائیوں میں اگیں گے
جو دودھ کے گرنے سے خمیر شدہ ہو
ہر چیز بہت خوبصورت ہو گی
مریم نما، با وقار عورتیں
دوسرے اجزا سے ملنے کے لیے
نیچے کی جانب، مسکراتی ہوئی جائیں گی
مگر یوں ہوتا نہیں ہے
عورتیں بچوں کی پیدائش میں
اس طرح نہیں مرتی ہیں
جس طرح ہملیٹ نے، بادشاہ کو عبادت کے دوران
اس خوف سے نہیں مارا تھا
کہ وہ بادشاہ جو عبادت کے دوران مارا جائے
جنت میں داخل نہیں ہو سکتا ہے