نیلسن منڈیلا

نیلسن منڈیلا

مادر وطن افریقہ کے لیے ایک اعلان نامہ

    ترجمہ : شوکت ہاشمی

     

    کہو نا، سیاہ فام ماؤں کے بیٹے بھی آدم کی اولاد ہیں

    کہو نا، ہمارے لیے جھونپڑوں اور کچے گھروں کی سکونت

    کسی اندھی روایت کا الہام، سچا نہیں ہے

    کہو نا، ہمارے عقیدوں میں

    کالک نہیں ہے

    کہو نا، غلامی ہمارا مقدر نہیں ہے

    کہو نا، مسلسل غریبی ہمارے نصیبوں میں شامل نہیں ہے

    کہو نا، ہمارا خدا بھی خدا ہے

    جو جھلسی ہوئی جھاڑیوں میں نہیں

    عرش پر ہے

    کہو نا، چمکدار سورج ہمارے سروں پر چمکتا بھی ہے

    کہو نا کہ ہم لولے لنگڑے نہیں

    کہو نا، کہ دو وقت کی چھاچھ اور روٹیوں کے لیے

    گرم صحراؤں کی دھوپ ...... یہ مویشی چراتے ہوئے

    چھوٹے چھوٹے سے بچے بھی

    ماؤں کے ، باپوں کے بچے تو ہیں

    جھاڑیوں میں پنپتے ہوئے

    سوروں اور کتوں کے بچے نہیں ہیں

    کہو نا، کہ اب چیتھڑوں میں چھپی لڑکیوں کی

    جوانی کو خوابوں سے محروم رکھنا بڑا جرم ہے

    کہو نا، کہ اب سرخ جسموں کی تکریم کا ہر زمانہ پرانا زمانہ ہوا

    کہو نا، کہ اب گوریوں کے لیے خاص تعظیم کا ہر زمانہ پرانا زمانہ ہوا

    کہو نا، ہمیں اپنی کالی جسامت پہ اب

    شرمساری نہیں ہے

    نہیں ہے

    کہو نا، ہمیں اپنی بھدی شباہت پہ اب

    شرمساری نہیں ہے

    نہیں ہے

    کہو نا، کہ ہم بھوک کی تال پر ناچتے ناچتے تھک چکے ہیں

    ہمیں موت کے راگ پر رقص کرنا بھی اچھا لگا ہے

    کہو نا، ہمارے لیے خوف کی نائیکہ مر چکی ہے

    کہو نا، کہ ہم ظلم کی فاحشہ کے لیے ماں کی حرمت کا اعلان کرتے نہیں

    کہو نا، کہ ہم آمروں کے لیے اب کسی نیک خواہش سے معذور ہیں

    کہو نا، کہ ہم سبز جمہوریت کے علمدار ہیں

    کہو نا، ہمیں ناریل اور کافی کے کھیتوں میں

    آزادیاں کاشت کرنے سے محروم رکھنے کے دن جا چکے ہیں

    کہو نا، کہ ہم نفرتوں کے دھوئیں سے الگ ہو چکے ہیں

    کہو نا ، کہ ہم بھیک خیرات کے سارے کشکول......

    صحراؤں میں دفن کر آئے ہیں

    کہو نا، کہ ہم امن کے نغمہ گر ہیں

    محبت ہمارا ترانہ بنے گا

    کہو نا، ہماری سیاست ہمارا ادب زندگی کا سہارا بنیں گے

    کہو نا، ہمارا تمدن ، ہماری ثقافت، اخوت کی تحریر کا خوشنما تر صحیفہ بنیں گے

    کہو نا، کہ ہم خوف کھاتے نہیں ہیں

    کہو نا، کہ ہم بزدلی اور پسپائی کی آگ پیتے نہیں ہیں

    کہو نا، کہ ہم اب کھلے جھونپڑوں پر ، کھلے ساحلوں پر

    کھلے مورچوں پر ..... نئی زندگی کو

    جنم دے رہے ہیں

    سیاہ فام ماؤں کے بیٹو! مبارک

    یہ اعلان نا مہ مبارک

    سیاہ فام ماؤں کے بیٹو!